حیدرآباد۔۔۔آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابونائیڈو نے اسمبلی میں کہا ہے کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی یادگار نئے دارالحکومت امراوتی میں 97.69کروڑ روپئے سے تعمیر کی جائے گی اور اس پروجیکٹ کیلئے کاموں کا آغاز دسمبر کے پہلے ہفتہ میں ہوگا۔انہوںنے اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران یہ بات کہی۔انہوںنے کہاکہ امبیڈکر کی 125ویں یوم پیدائش کے موقع پرحکومت نے 125فٹ کا اونچا ان کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نائیڈو نے کہا کہ یہ یادگار تلور منڈل کے سیکھامورو اور اناولو مواضعات کے درمیان تعمیر کی جائیگی ۔یہ10 ہزار کتابوں والے ایک کتب خانہ پر مشتمل ہوگی جوامبیڈکر کے نظریات اور خیالات پر تحقیق کرنے والوں کیلئے کافی فائدہ مند رہے گی۔ساتھ ہی ایک تھیٹر بھی تعمیر کی جائیگی جس میں امبیڈ کر پر ڈاکومینٹریزکی نمائش بھی کی جائے گی۔امبیڈکر کی یادگار کی تعمیر کا آغاز دسمبر کے پہلے ہفتہ میں ہوگا اور اس کی تکمیل 15ماہ میں ہوجائے گی۔انہو ں نے کہا کہ یہ یادگار 20ایکڑ اراضی پرتعمیر کی جائیگی ۔ اس پروجیکٹ کیلئے 45کروڑ روپئے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔