کراچی...ایم کیوایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے درمیان طے پانے والی شرائط کی تحریری معاہدے کی کاپی سامنے آ گئی ۔ معاہدے میں درج ہے کہ صوبے اور شہر کے وسیع تر مفاد میں اور مینڈیٹ کو تقسیم ہونے سے بچانے کے لئے عدم تصادم اور عدم تشدد کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے متحد ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر اور صوبے کی تعمیر و ترقی کے لئے اگلے انتخابات میں ایک نشان ، ایک نام اور ایک منشور پر حصہ لیں گے۔ تمام کارکنان بھی اس مشترکہ و مثبت کوشش کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ آئندہ کا لائحہ عمل باہمی مشاورت کے بعد طے کرکے میڈیا اور عوام کو آگاہ کیا جائے گا ۔معاہدے کے نکات میں مہاجر قومی موومنٹ اور مہاجر اتحاد کا کہیں ذکر نہیں ۔ مبینہ تحریری معاہدے کی کاپی پر کسی کے دستخط ہیں اور نہ کسی رہنما کا نام درج ہے۔