بیروزگاری ختم کرنے کیلئے غیر ملکی ملازمین کی چھٹی کرنے کا مطالبہ
ریاض.... سعودی نوجوانوں نے لیبر مارکیٹ کا معیار بہتر بنانے اور بیروزگاری کی شرح کم کرنے کیلئے حیرا ن کن حل پیش کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام غیر ملکیوں کے ساتھ ملازمتوں کے معاہدے ختم کردیئے جائیں، بے روزگاری خود بخود ختم ہوجائے گی۔ ان دنوں سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ " بیروزگاری کا حل تجویز کرو" کا سلسلہ چل رہا ہے ۔ اس کے تحت مقامی نوجوانوں نے اپنی اپنی سوچ کے مطابق مختلف باتیں کہی ہیں ۔ ریم کا کہنا ہے کہ گھنی آبادی ، بیروزگاری کا سبب ہے۔ مسئلے کے حل کیلئے تحدید نسل ضروری ہے۔ امیرہ کا کہنا ہے کہ سعودیوں کو بیرون مملکت سعودی اسکولوں میں ملازمتیں دی جائیں۔ ابوبندر نے کہا کہ وزارت محنت کے کارندے کمپنیوں اور اداروں کے دورے کرکے زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر حل پیش کریں۔ سحہیہ کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کی عمر کم کردی جائے۔ مراد الحارثی کا کہنا ہے کہ مردوں کو سبزی و پھل منڈیوں اور خواتین کیلئے ہر محلے میں نرسری کابندوبست کیا جائے۔