جنیوا.... رابطہ عالم اسلامی نے اسلام فوبیا کیخلاف معرکہ کو یورپ کے سر پر الٹ دیا۔ سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے جنیوا میں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتما م ہونے والے عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ انتہاپسندی کا نعرہ بلند کرنے اور اقلیتوں کو دیوار سے لگانے کی آن لائن تحریک چلانے والوں کا تعاقب کریں۔ انہوں نے مختلف مذاہب کے پیروکاروں سے اپیل کی کہ وہ اسلام کیخلاف نفرت انگیز نظریات اور مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کا چکر چلانے والوں کی مزاحمت کریں۔ العیسیٰ نے خبردار کیاکہ اسلام فوبیا مسلم اقلیتوں کے مقامی معاشروں میں ضم ہونے کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذہبی انتہا پسندی کا تناسب دو لاکھ افراد میں ایک کا ہے۔ تناسب بہت معمولی ہے اس کا باعث انتہاپسندی کے انسداد کی مہم میں کامیابی ہے۔ ڈاکٹر العیسیٰ نے کہا کہ سعودی عرب انتہا پسندانہ افکار کیخلاف جنگ کرنے والا عالمی مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درپیش چیلنجوں سے ہمارے عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ جب تک ہم انتہا پسندی کو شکست نہیں دیں گے۔ اس وقت تک اس کیخلاف برسرپیکار رہیں گے۔ عالمی فورم میں یہودی مذہبی پیشوا، بدھ مت کے رہنما، ویٹیکن کے نمائندے اور مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے قائد شریک ہوئے۔