ریاض.... سعودی خواتین نے " ٹوئٹر پر ہمیں پسند نہیں" کے زیر عنوان ہیش ٹیگ کے تحت ایسی بہت ساری باتوں کا تذکرہ کیا ہے جنہیں مقامی خواتین انتہائی ناپسند کررہی ہیں۔ اکثر خواتین کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر پر اخلاق سوز سرگرمیاں نفرت انگیز ہیں۔ منال کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر پر اخلاق سوز اکاﺅنٹ قائم کرنے والے قلبی نجاست ، ذہنی پسماندگی اور فطری غلاظت کے ترجمان ہیں۔ شوق نامی خاتون کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر پر مرد وزن کی آبرو پر وار کرنا انتہائی گھٹیا حرکت ہے۔ رانیہ کا کہنا ہے کہ اسے ٹوئٹر پر اپنے شوہر کی لن ترانیوں کے سوا کسی چیز سے دلچسپی نہیں۔ وہ ٹوئٹر کا رخ صرف اپنے شوہر پر نظر رکھنے کیلئے کرتی ہے۔ نور کا کہنا ہے کہ متعدد لوگ ٹوئٹر پر بازاری زبان استعمال کررہے ہیں ، پڑھ کر دکھ ہوتا ہے۔ بسمہ کا کہنا ہے کہ اس کا ایک بڑا فائدہ یہ ہوا کہ مشہور شخصیات اور عام لوگوں کے درمیان تعارف کی سبیل پیدا ہوگئی۔