ملکی ترقی میں اہم کردارادا کرنےوالوں کی حوصلہ افزائی سیاست سے بالاہوکر کرتے ہیں، میزبان
خمیس مشیط (جی ایس ایوب) ڈاکٹر محمد نعیم قائم خانی نے کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات ڈاکٹر محمد اشرف وانی اور علی رضا قائم خانی کے اعزاز میں عشائیہ تقریب کا اہتمام اپنی رہائش پر کیا۔ تقریب میں معروف کاروباری اور سماجی شخصیت میاں محمد سلیم بھی مدعو تھے۔ تقریب میں پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میزبان ڈاکٹر محمد نعیم قائم خانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاست سے بالا تر ہوکر ملکی ترقی میں اہم کردارادا کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبہ ملکی ترقی میں اہم کردارادا کریگا۔ اس کی تکمیل میں جس جس کا بھی حصہ شامل ہے ،انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وطن سے محبت کرنے کیلئے کسی بھی سیاست کی ضرورت نہیں ۔ ڈاکٹر محمد اشرف وانی نے کہا کہ پاکستان میں کس چیز کی کمی ہے۔ قدرتی اشیاءسے مالا مال خطے پر اللہ تعالیٰ نے اسلامی ریاست پاکستان قائم کیا ۔ میرے خیال میں پاکستان کو قائداعظم کے بعد آج تک مخلص لیڈر شپ نہیں مل سکی جو قوم کی سمت درست کرسکتی۔ ہم تو دنیا کی بہادر قوم ہیں جو کڑے سے کڑے حالات میں بھی سرخرو ہوئے۔ نامساعد حالات کے باوجود الحمد للہ ایٹمی قوت حاصل کی۔ میاں محمد سلیم نے کہا کہ پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ معاشی طور پر ملک مستحکم ہورہا ہے۔ سیاسی کشمکش چل رہی ہے ۔ میں حکومت اور اپوزیشن سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ملکی مفاد میں فیصلے کئے جائیں۔ مل بیٹھ کر حالات درست کئے جائیں۔ عوام کی بہتری کیلئے کام کریں۔ حکومت مہنگائی پر کنٹرول کرے، روزگار کے مواقع پیدا کرے۔ بےروزگاری کا خاتمہ ضروری ہے۔ تقریب میں ڈاکٹر رانا اظہر اور ڈاکٹر محمد الطاف نے بھی اظہار خیال کیا۔