لاہور...وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف قبل از وقت انتخابات کی بات ضرور کرتی ہے لیکن جب وہ خلوت میں ملتے ہیں تو کہتے ہیں انتخابات بروقت ہونے چاہئیں۔ہمارے ساتھ جو ہوتا ہے اس کا بہت کم اظہار کرتے ہیں ۔ملک میں کوئی نئی لڑائی نہیں چھیڑنا چاہتے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ سیاسی جما عتوں نے نئی حلقہ بندیوں پر اتفاق کر لیا۔مردم شماری کے بعد انتخابات کے لئے نئی حلقہ بندیاں قانونی ضرورت ہے جسے پورا کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی اڑ کر کہیں نہیں جاتے ۔نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) چٹان کی طرح متحد ہے ۔کچھ کوششیں کی جارہی ہیں۔ ہمارے لوگوں سے رابطے بھی کئے جاتے ہیں لیکن اب لوگوں کو زیادہ سیاسی شعور آ گیا ہے ۔جو لوگ ماضی میں سیاسی وفاداریاں بدلتے تھے وہ بھی جان گئے ہیں اب جو سیاسی وفاداری بدلے گا وہ کہیں کا نہیں رہے گا۔انہوںنے کہا کہ ڈرنے والی بات ہم تک نہیں آئی اس لئے جو بات ہو گی وہ بتائیں گے اور جو بات نہیں ہو گی وہ نہیں کہیں گے۔