Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ دہشتگرد تنظیم ہے ، عرب وزرائے خارجہ

قاہرہ .... عرب وزرائے خارجہ نے اتوار کو قاہرہ میں ہنگامی اجلاس کرکے واضح کیا کہ حزب اللہ دہشتگرد تنظیم ہے۔ ہنگامی اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر منعقد کیا گیا۔ سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا کہ عرب ممالک کے اندرونی امور میں ایرانی مداخلت سے نمٹنے کیلئے اگلا اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع کرنے کی صورت میں سامنے آسکتا ہے۔ جبوتی کے وزیر خارجہ نے کہاکہ عرب وزراءنے خطے کے امور میں ایران کی کھلی مداخلت کی مذمت کی۔ لبنانی وفد نے حزب اللہ سے متعلق مشترکہ اعلامیہ کی بعض دفعات پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ابو الغیط نے کہا کہ میری آرزو ہے کہ ایران کو خطے میں اپنے تصرفات کی اصلاح کا پیغام پہنچے گا۔ تمام عرب ایرانی طریقہ کار کو مسترد کرنے پر متفق ہیں۔ جبوتی کے وزیر خارجہ نے توجہ دلائی کہ عرب امور میں ایرانی مداخلت سے متعلق معاملہ سلامتی کونسل میں لیجانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور نہ ہی عرب موقف سے سلامتی کونسل کو مطلع کرنے کی کوئی قرارداد منظور کی گئی۔ یہ ضرور طے کیاگیا کہ سلامتی کونسل کو بعض عرب فیصلوں سے مطلع کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ اجلاس کرکے معاملہ سلامتی کونسل میں لیجانے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایران کے جارحانہ اقدامات پر خاموشی کسی بھی عرب ملک کے دارالحکومت کو بیلسکٹ میزائلوں کے خطرے سے محفوظ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کے خلاف ایران کی جارحانہ پالیسیوں کی بابت ٹال مٹول سے ایران کو جارحیت جاری رکھنے کی شہ ملے گی۔ سعودی دفتر خارجہ نے الجبیر کے مذکورہ دونوں جملے اپنی ویب سائٹ پر وڈیو کی صورت میں جاری کئے۔ الجبیر نے مزید کہا کہ سعودی عرب ایران کی کھلی جارحیت کے مقابلے میں ہاتھ باندھے نہیں کھڑا رہیگا۔ وہ اپنے قومی امن کے دفاع میں ادنیٰ فروگزاشت سے کام نہیں لے گا۔ الجبیر نے یہ بھی کہا کہ ریاض پر بیلسٹک میزائل کا حملہ ایرانی شناخت رکھنے والے 80بیلسٹک میزائل حملوں پر خطرناک اضافہ ہے۔ ایران حوثیوں کے ذریعے میزائل حملے کرا رہا ہے۔ اس نے مقدس شہر مکہ مکرمہ تک کو جارحانہ حملوں سے نہیں بخشا۔ ابو الغیط نے کہا کہ ایران خطے میں کشمکشو ںکی آگ بھڑکانے کیلئے فرقہ وارانہ حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے اور یمن کو سعودی عرب اور عرب دنیا کی پیٹھ میں خنجر کے طور پر استعمال کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ 
مزید پڑھیں: عرب لیگ کا اجلاس آج قاہرہ میں

شیئر: