Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: کنگ فیصل ایوارڈ 2025 کے انعام یافتگان کا اعلان کر دیا گیا

ایوارڈ جیتنے والے کو دو لاکھ ڈالر ،سونے کا میڈل اور سرٹیفکیٹ پیش کیا جاتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض کے الیفصلیہ سنٹر میں پرنس سلطان گرینڈ ہال میں بدھ کی رات ایک پروقار تقریب کے دوران کنگ فیصل ایوارڈ 2025 کے انعام یافتگان کا اعلان کر دیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ فیصل ایوارڈ کے لیے اسلامیات، عربی زبان و ادب، طبیعات اور سائنس کے  شعبے مختص تھے، فاتحین کے ناموں کا اعلان سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالعزیز السبیل نے کیا، اسلام کی خدمت کے شعبے کے لیے ایوارڈ کا اعلان رواں ماہ کے آخر میں ہو گا۔
کنگ سعود یونیورسٹی کے دو پروفیسرز سیلولر تھراپی میں اہم کامیابی حاصل کرنے پر کینیڈین سائنسدان اور کاربن نینوٹیوبز میں تحقیق پر جاپانی سائنسدان ایوارڈ کے فاتح بنے۔
اسلامی مطالعہ کے زمرے میں کنگ فیصل پرائز 2025 کا موضوع ’جزیرہ نما عرب میں آثار قدیمہ کے مطالعات‘ تھا، اس ایوارڈ کے لیے مشترکہ طور پر کنگ سعود یونیورسٹی کے دو اساتذہ پروفیسر سعد عبدالعزیز الراشد اور پروفیسر سعید فائز السعید کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔
پروفیسر سعد الراشد کو اسلامی آثار قدیمہ کے مقامات اور جزیرہ نما عرب کی تحریروں کے مطالعے میں ان کی گراں قدر خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
پروفیسر سعید فائز کو  مختلف زبانوں میں شائع ہونے والے ان کے وسیع لٹریچر پر مبنی منفرد علمی مطالعات اور قبل از اسلام جزیرہ نما عرب کی تہذیبوں کی تاریخ کو سمجھنے کے تقابلی جائزہ پر ایوارڈ دیا گیا۔

عربی زبان و ادب کے  شعبے میں ’عربی ادب میں شناخت کے مطالعات‘ کا موضوع دیا گیا تھا تاہم اس شعبے کے لیے ایوارڈ روک لیا گیا کیونکہ تحقیقی مطالعات ایوارڈ کے معیار پر پورا نہیں اترتے تھے۔
شعبہ طب کے لیے سیلولر تھراپی کا موضوع چنا گیا تھا، یہ ایوارڈ کینیڈا کے ڈاکٹر میشل سیڈلین کو دیا گیا جو بلڈ کینسر کے علاج کے لیے میموریل سلون کیٹرنگ کینسر سینٹر میں ڈائریکٹر کے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔
سائنس کے زمرے میں طبیعیات کے موضوع پر جاپان کے پروفیسر سومیئو ایجیما کو کنگ فیصل ایواڈ 2025 دیا گیا، جنہوں نے کاربن نینوٹیوبز دریافت کر کے اس میدان میں شہرت حاصل کی۔
ان کی دریافت نے نینو ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس اور توانائی کے ذخیرے کے نظام سمیت مختلف عملی شعبوں کے لیے نئی راہیں کھولی ہیں۔

سعودی عرب میں کنگ فیصل ایوارڈز کے لیے1977 میں ادارہ قائم ہوا اور 1979 میں پہلی بار کنگ فیصل پرائز کا سلسلہ شروع کیا گیا، اب تک مختلف شعبوں میں 300 سے زائد ایوارڈز دیئے جا چکے ہیں۔
کنگ فیصل ایوارڈ کے فاتح کو دو لاکھ ڈالر کے ساتھ 24 قیراط کے 200 گرام وزن کا سونے کا میڈل اور ایک سرٹیفکیٹ جس پرانعام یافتہ شخصیت کا نام اور ان کے خدمات کا خلاصہ درج ہوتا ہے پیش کیا جاتا ہے۔
 

 

شیئر: