Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی: 3جعلسازوں نے سونے کے ایشیائی تاجر سے 15لاکھ درہم ہتھیا لئے

دبئی.... دبئی کے 3جعلسازوں نے عالمی مارکیٹ سے 12فیصد کم نرخ بتا کر سونے کے ایشیائی تاجر کو 50کلو گرام سونا 15لاکھ درہم میں فروخت کر دیا۔ مطلوبہ سونا فراہم کئے بغیر روپوش ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایشیائی تاجر کی ملاقات 3جعلسازوں میں سے ایک سے ہوئی تھی۔ اس نے خود کو سونے کے تاجروں کے دلال کے طور پر متعارف کرایا۔ اس نے کہا کہ ایک افریقی ملک کی معتبر کمپنی بھاری مقدار میں سونا عالمی مارکیٹ کے ریٹ سے کم پر فروخت کر رہی ہے۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس کمپنی کا مارکیٹنگ ڈائریکٹر ہے اور وہ افریقی کمپنی کے ساتھ سونے کا سودا کرا سکتا ہے۔ سونے کے تاجر نے پبلک پراسیکیوشن کے انسپکٹر کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ وہ فرضی دلال کی معیت میں مطلوبہ افریقی ملک پہنچا وہا ںاس کی ملاقات ایک اور شخص سے کرائی گئی اسے کمپنی کے صدر دفتر لیجایا گیا۔ اسے 25کلوگرام حقیقی سونا دکھایا گیا جسے دیکھ کر اس کی رال ٹپک گئی۔ اس نے فوراً ہی 2800امریکی ڈالر سودا پکا کرنے کیلئے حوالے کر دئیے۔ دبئی واپس آگیا وہاں سے اس نے ایک لاکھ 8ہزار ڈالر حوالہ کے ذریعے افریقی ملک بھجوا دیئے۔ چند روز بعد ملزمان نے دعویٰ کیا کہ انہیں حوالے کی رقم نہیں ملی۔ مزید رقم طلب کی گئی اس نے پھر ایک لاکھ گیارہ ہزار ڈالر نقد پیش کر دیئے۔ اس پر انہوں نے اطلاع دی کہ انہیں حوالہ مل گیا ہے اور وہ مزید سونا خرید سکتا ہے۔ دھوکے بازوں نے بڑی زبردست منصوبہ بندی کر رکھی تھی انہوں نے ایشیائی تاجر کو ایک دستاویز دکھائی جس میں ظاہر کیا گیا تھا کہ سونا افریقی ملک سے دبئی پہنچ گیا ہے۔ اب اسے کسٹمز سے کلیئر کرانا باقی ہے۔ اس کے لئے انہوں نے 9لاکھ 44ہزار 300درہم طلب کئے۔ اس نے یہ رقم بھی انہیں نصف کلو گرام سونے کی ڈلی دیکھ کر ادا کر دی۔ مارکیٹ جا کر سونے کے حقیقی ہونے کا اطمینان بھی کر دیا۔ سونے کی وصولی کا انتظار کرتے کرتے شک گزرا کہ اسے بیوقوف بنا دیا گیا ہے۔ ایشیائی تاجر نے دبئی پولیس کو رپورٹ کر دی جس نے دو کو گرفتار کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا۔ پراسیکیوشن نے معاملہ عدالت بھجوا دیا ۔ جس نے دونوں ملزمان کو دو برس قید اور دبئی سے بیدخلی کی سزا سنا دی۔ دبئی پولیس نے 6لاکھ 41ہزار درہم ملزمان سے بازیاب کر کے تاجر کے حوالے کر دیئے۔ دبئی پولیس نے بعد میں افریق ملک کے تیسرے ملزم کو مذکورہ الزامات پر گرفتار کر کے عدالت کے حوالے کیا تو اس نے الزام تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ ثبوت مہیا ہونے پر اسے بھی دو برس قید اور بیدخلی کی سزا سنا دی گئی ۔

شیئر: