ریاض ( ذکاء اللہ محسن)سعودی وزارت ثقافت و اطلاعات کے زیر اہتمام بچوں کے عالمی دن کے موقع پر کنگ فہد کلچرل سینٹر میں سہ روزہ بین الاقوامی میلے کا انعقاد کیا گیا جو 19 سے 21 نومبر تک جاری رہا۔ تمام ملکوں کو اپنی ثقافت اجاگر کرنے کا موقع ملا ، مختلف ملکوں نے ثقافتی رنگ بکھیرے، سفارتخانہ پاکستان نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کے تعاون سے میلے میں حصہ لیا۔ پاکستانی اسٹال پر صوبائی ثقافت کو نمایاں کیا گیا،ثقافتی لباس، دستکاریاں، زیورات، کھیلوں کا سامان اور دیگر اہم چیزیں رکھی گئیں۔ کثیر تعداد نے پاکستانی اسٹال کو پسند کیا اور اس میں دلچسپی ظاہر کی۔ ثقافتی میلے کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر ثقافت و اطلاعات تھے۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیر،افسران اور کمیونٹی کے افرادبڑی تعدادمیں شریک ہوئے۔ پاکستانی بچوں نے بھی اسٹیج پر ٹیبلو پیش کیا، پاکستانی اسٹال کے منتظمین کو اچھی کارکردگی پر شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔