Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شامی اپوزیشن بلاواسطہ غیر مشروط مذاکرات اور بشار کو اقتدار سے ہٹانے پر متفق

    ریاض۔۔۔۔۔۔۔شامی اپوزیشن گروپوں کے نمائندے  بلا واسطہ غیر مشروط مذاکرات اور بشار الاسد کو سیاسی حل تدابیر میں شامل نہ کرنے اور اقتدار سے ہٹانے پر متفق ہو گئے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے آئندہ کسی بھی سیاسی حل میں ایسی کسی بھی شخصیت کی شمولیت کو پوری قوت سے مسترد کر دیا جو کسی نہ کسی شکل میں شامی عوام کے خلاف مجرمانہ سرگرمیوں میں شریک ہوئی ہو۔ شامی اپوزیشن نے طے کیا کہ سیاسی تصفیے کا بنیادی ہدف شہریت کے اصول پر مبنی جمہوری ریاست کا قیام ہے۔ جہاں شامی شہری خارجی مداخلت کے بغیر اپنا آئین ازخود ترتیب دے سکیں اور اپنی قیادت کا انتخاب صاف شفاف ، آزادانہ انتخابات کے ذریعے کرسکیں۔ شامی اپوزیشن نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ بشار الاسد کے نمائندہ وفد اور مشترکہ اپوزیشن کے درمیان مذاکرات بلاواسطہ اور غیر مشروط ہوں۔ انہو ں نے توجہ دلائی کہ مذاکرات کا اعلیٰ ادارہ مشترکہ وفد کا نمائندہ ہے۔ اعلامیہ میں یہ بات بھی واضح کی گئی کہ براہ راست مذاکرات سے ہمارا مقصد یہ ہے کہ مذاکرات کی میز پر تمام موضوعات زیر بحث آئیں ۔ پیشگی کوئی شرط نہ ہو۔ بین الاقوامی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ پیشگی شرط نہیں بلکہ  یہ 2118، 2254اور 67/262قراردادوں میں مضمر مذاکرات کی واحد بنیاد ہے۔ اعلامیہ میں خبردار کیا گیا کہ اگر سیاسی حل تک رسائی کیلئے سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی تو ایسی صورت میں کشمکش خطرناک شکل اختیار کر لے گی او رخطے میں دہشت گردی ایک بار پھر سر ابھارنے لگے گی۔ شامی اپوزیشن کے نمائندوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ناداروں کیلئے انسانی امداد کی فراہمی،  محصور علاقوں کی ناکہ بندی کے خاتمے اور قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنایا جائے۔شامی اپوزیشن نے ریاض دستاویز میں اس امر پر زور دیا کہ عبوری دور شروع ہوتے ہی بشار الاسد کی اقتدار سے سبکدوشی ضروری ہے۔

شیئر: