امارات کا قومی دن 2 دسمبر 1971 کو چھ امارات کے اتحاد کی یادگار کے طور پر منایا جاتا ہے جب ابو ظہبی، دبئی، شارجہ، عجمان، فجیرہ اور ام القوین کے رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات کی بنیاد رکھی، راس الخیمہ 1972 میں اتحاد کا حصہ بنا۔
متحدہ عرب امارات کی ریاستوں کے اس اتحاد کے بعد شیخ زاید بن سلطان النہیان متحدہ عرب امارات کے پہلے صدر منتخب ہوئے اور 2004 تک اس منصب پر فائز رہے۔
امارات کی حکومت نے 2 اور 3 دسمبر کو سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا ہے، جس میں تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔
ابوظہبی اور دبئی کے ساتھ ساتھ تمام ریاستوں میں شاندار پریڈز، مختلف تقریبات اور آتشبازی کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ابوظہبی کے مضافاتی علاقے الوطبہ میں شیخ زاید فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں تین دن تک آتشبازی، ڈرون شوز اور عید الاتحاد کاروان کے روایتی شو پیش کئے جائیں گے۔
شیخ زاید فیسٹیول میں ثقافتی ورثے کی جھلک پیش کی جا رہی ہے جس میں اونٹوں پر قومی پرچم اوڑھ کر روایتی رقص کا مظاہرہ شامل ہے۔
ریاست العین میں 2 دسمبر کو قومی دن کی مناسبت سے گرینڈ تقریب لائیو نشر کی گئی، جہاں امارات کے حکمران موجود تھے۔
قومی دن کی تقریبات کے دوران متحدہ عرب امارات کی ثقافت اور تاریخ کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں جو حب الوطنی کے جذبے کو مزید فروغ دیتے ہیں۔