مداح کیساتھ سیلفی پر ورون کا چالان
بالی وڈ کے نوجوان اداکار ورون دھاون کو مداح کے ساتھ سڑک پرسیلفی لینے کے چکر میں چالان بھرنا پڑگیا۔ بالی وڈ کو یکے بعد دیگرے بلاک بسٹر فلمیں دینے والے نوجوان اداکار ورون دھاون حال ہی میں فلم ’جڑواں ٹو‘ کی کامیابی کے بعد شہرت کی بلندیوں پر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے مداحوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور وہ مداحوں میں فوری گھل مل جانے کی وجہ سے بھی خاصے مقبول ہیں لیکن ٹریفک کے دوران مداح کی خوشی کی خاطر سیلفی لینا اداکار کو مہنگا پڑ گیا۔رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکار ممبئی کی ٹریفک میں پھنسے تو اس دوران ان کی کار کے ساتھ ایک رکشہ کھڑا ہوا جس میں موجود خاتون مداح نے ورون کے ساتھ سیلفی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تو اداکار بھی پیچھے نہ رہے اور گاڑی کا شیشہ نیچے کرنے کے بعد سر باہر نکال کر سیلفی لے لی جو ممبئی پولیس کو بالکل پسند نہ آئی اور انہوں نے ورون کو چالان تھمادیا۔ممبئی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر سیلفی کی تصویریں پوسٹ کی گئیں جن میں کہا گیا کہ اس طرح کے ایڈوینچر ممبئی کی سڑکوں پر نہیں بلکہ سلور اسکرین پر اچھے لگتے ہیں ۔ آپ نے اس حرکت سے اپنی اور مداح سمیت کئی افراد کی جان خطرے میں ڈالی، ہم آپ جیسے ذمہ دار شہری اور نوجوانوں کے رول ماڈل سے ایسی امید ہرگز نہیں رکھتے۔ فی الحال اس حرکت پر چالان آپ کے گھر بھجوا رہے ہیں لیکن اگلی بار اس سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ممبئی پولیس کے ٹویٹ کے بعد اداکار نے بھی سوشل میڈیا پر معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ میری گاڑی ٹریفک میں پھنس گئی تھی اور میں ایک مداح کا دل نہیں توڑنا چاہتا تھا لیکن اگلی بار میں اس بات کا خیال رکھوں گا اور ایسے اقدام کی حوصلہ افزائی نہیں کروں گا۔