بنگلور.... کرناٹک کے اوڈپی شہر میں ہندو سادھو سنتوں کی مذہبی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ اجودھیا میں رام جنم بھومی پر ہی مندر تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے سوا وہاں کسی اور عمارت کی تعمیر نہیں کی جا سکتی۔جمعہ کو سادھو سنتوں کے اجلاس میں انہو ںنے یہ بھی کہا کہ مندر انہی پتھروں سے بنے گا اور ان لوگوں کی قیادت میں ہی بنے گا جو مندر تعمیر کی تحریک کا جھنڈا لے کر پچھلے 20، 25سال سے منزل پانے کیلئے سفر کر رہے ہیں۔ بھاگوت نے مزید کہا کہ ہم مندر کی تعمیر کریں گے، یہ لوگوں کو لبھانے والا اعلان نہیں بلکہ ہمارے اعتقاد کا معاملہ ہے جس میں کسی طرح کی بھی کوئی تبدیلی نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ برسوں کی کوشش اور قربانی کی بدولت اب مندر بننے کی امید نظر آنے لگی ہے۔ بھاگوت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ تنازع سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے تاہم انہوں نے یہ بات نہیںکہی کہ وہ بھی عدالت کے فیصلے کے پابند ہوں گے۔ آر ایس ایس چیف نے کہا کہ مندر بننے سے پہلے لوگوں میں بیداری لانی ضروری ہے۔ ہم منزل کے بےحد قریب ہیں او راس وقت ہمیں زیادہ چوکس رہنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مندر تعمیر کر کے اسکے اوپر ایک بھگوا جھنڈا بہت جلد لہرائے گا۔ اجلاس میں بھاگوت نے گاو¿کشی پر پوری طرح سے پابندی لگانے کی وکالت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر گاﺅ کشی پر مکمل پابندی نہیں لگے گی تو امن بھی قائم نہیں ہو گااور ہم لوگ پُرامن زندگی نہیں گزار پائیں گے۔ ا س مذہبی پارلیمنٹ کے سالانہ اجلاس میں تقریباً 2000سادھو سنت ، ہندو مٹھوں کے سربراہ اورشو ہندو پریشد کے متعدد رہنما ﺅں نے جن میں پروین توگڑیا بھی شامل تھے شرکت کی۔