اسپینش لیگ:ریفری میسی کا گول ”کھا“ گیا، بارسلونا اور ویلنسیا کا مقابلہ برابر
بارسلونا:اسپینش لیگ کے میچ میں ریفری کی جانب سے لائنل میسی کا گول تسلیم نہ کئے جانے سے بارسلونا کی ٹیم ویلنسیا کے خلاف میچ میں صرف ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا ۔میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ یہ صورتحال میچ کے دوران گول لائن ٹیکنالوجی کی عدم موجودگی کے باعث پیدا ہوئی۔ جب گول کیپر نے میسی کی شاٹ روکی تو گیند اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر گول لائن کراس کر گئی تھی تاہم اسی اثنا وہ اسے دوبارہ پکڑنے میں کامیاب ہو گیا۔ ریفری گیند کو چیک نہیں کرسکا اور گول نہیں دیا جبکہ بعد میں ایکشن ری پلے کے دوران گیند واضح طور پر گول کے اندر نظر آرہی تھی۔
لائنل میسی کے علاوہ ان کے ساتھی کھلاڑی لوئس سواریز نے بھی فیصلے پر احتجاج کیا تاہم وہ ریفری کو اس پر نظر ثانی کرنے پر مجبور نہ کر سکے۔ اس کے بعد ویلنسیا نے پہلے گول کرکے برتری حاصل کر لی جسے میسی ہی کے شاندار پاس پر ساتھی کھلاڑی نے برابر کردیا ۔ لیکن میچ کے پہلے ہاف میں میسی کو برتری حاصل کرنے کا جوسنہری موقع ملا تھا اس کا انہوں نے بھر پور فائدہ بھی اٹھایا لیکن ریفری کی غلطی کی وجہ یہ گول بارسلونا کو نہیں مل سکا اور وہ میچ برابر ہو جانے سے صرف ایک پوائنٹ ہی لے سکی۔میچ کے بعد میسی نے کہا کہ گول لائن ٹیکنالوجی کے بغیر بھی آفیشلز کو اتنا ماہر ہونا چاہیئے کہ وہ اندازہ کر سکیں کہ گیند کہاں تھی ۔ لیگ انتظامیہ اب آئندہ سیزن میں اس صورتحال سے بچنے کے لئے کوئی اقدام کرے گی تاہم اس میچ میں ٹیکنالوجی کی عدم موجودگی ویلنسیا کے لئے فائدہ مند ثابت ہوئی۔