پاک سعودی تجارتی تعلقات بہتر بنانے پر کام کریں گے، خالد راجا
انویسٹرز فورم ریاض کے انتخابات مکمل، چوہدری خالد محمود چیئرمین منتخب
ریاض(جاوید اقبال) پاکستان انویسٹرز فورم ریاض کے نومنتخب صدر خالد راجا نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم سعودی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرے گی۔ وہ فورم کی مجلس عاملہ کے نومنتخب عہدیداروں کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ گزشتہ ہفتے ہونے والے انتخابات میں چوہدری خالد محمود کو چیئرمین انجینیئر غلام صفدر کو نائب صدر ، سید بابر علی شاہ کو جنرل سیکریٹری ، میاں محمد تنویر کو میڈیا اور جوائنٹ سیکریٹری اور زاہد لطیف سندھو کو فنانس سیکریٹری منتخب کیا گیا تھا۔ خالد راجا نے سابقہ کمیٹی کی خدمات کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب مجلس عاملہ سفارتخانہ کے تعاون سے دونوں برادر ممالک کے باہمی تجارتی روابط کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مملکت کو پاکستانی برآمدات میں اضافے کیلئے وہ یک ملکی پاکستانی نمائش کے انعقاد کو ممکن بنانے کے لئے سفارتخانے کے زیرنگرانی کام کریں گے۔نمائش پاکستان کی زرعی اور صنعتی پیداوار کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرے گی۔ ریاض میں آخری یک ملکی پاکستانی مصنوعات کی نمائش 1985ءمیں ہوئی تھی جس کے بعد مملکت میں پاکستانی اشیاءکی درآمدات میں خاصا اضافہ ہوا تھا۔ سی پیک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خالد راجا نے واضح کیا کہ گوادر کاشغر شاہراہ دنیا کی مصروف ترین گزرگاہ بنے گی ا سلئے پاکستان انوسٹرز فورم ریاض سعودی تاجروں کو اس پر سیاحوں اور مسافروں کے لئے قیام گاہیں تعمیر کرنے پر بھی مائل کرے گا۔