احمد آباد۔۔۔۔۔کانگریس کے سینیئر رہنما آنند شرما نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس قدر اپنی ذات کی شناخت ظاہر کررہے ہیں اس قدر کسی بھی ہندوستانی وزیر اعظم نے نہیں کیا۔ سردار پٹیل نائب وزیر اعظم رہے ، پورا ملک ان کے پس منظر کو جانتا ہے کہ وہ بھی غریب کسان کے بیٹے تھے لیکن انہوں نے کبھی بھی اس معاملے کو کسی اسٹیج پر بیان نہیں کیا۔ہر سال روزگار کے 2کروڑ مواقع پیدا کرنے کے وزیر اعظم مودی کے وعدے کو یاددلاتے ہوئے آنند شرما نے کہا کہ یہ وعدہ جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا۔ آنند شرما نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھگوا پارٹی کے پاس دکھانے کیلئے کوئی قدآور لیڈر نہیں۔وہ لوگ سردارولبھ بھائی پٹیل،سبھاش چندر بوس کے نام لیتے ہیں کیونکہ ان کے پاس کوئی قدر آور رہنما نہیں۔