کراچی ..وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج پاکستان اضافی بجلی کی پیداوار کے قابل ہو چکا ہے۔ ملک میں بجلی کی پیداوار ضرورت سے زیادہ ہے۔ وزیراعظم نے پورٹ قاسم کے مقام پر سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والے1320 میگاواٹ بجلی کے2 یونٹس میں ایک کا افتتاح کردیا۔ مکمل ہونے والے پہلے یونٹ سے 660 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔منصوبے کا سنگِ بنیاد 2015ءمیں رکھا گیا تھا۔ 2 بلین ڈالر کا منصوبہ 30 ماہ میں مکمل کیا گیا ۔ پاور پلانٹ سستی بجلی پیدا کر رہا ہے اور ماحولیاتی حوالے سے بھی سازگار ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ سال فروری 2018 تک منصوبے کے دوسرے یونٹ کاافتتاح کردیں گے۔چوتھا ایل این جی بجلی گھر پہلے کے مقابلے میں 50 فیصد سستا ہے۔ مزید منصوبے اور ایل این جی ٹرمینل بھی تعمیر کررہے ہیں۔ متبادل ذرائع سے بھی 2000 میگا واٹ بجلی حاصل کریں گے۔انہوںنے کہا کہ مختصر عرصے میں وہ کام کئے جو دوسری حکومتیں 10سال میں بھی نہ کرسکیں۔ 2013میں ہماری حکومت سنبھالی تو 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ معمول تھی ۔ حکومت کی بہترین پالیسیوں کی بدولت ملک میں توانائی بحران پر قابو پالیا ۔ اب پاکستان بجلی کی اضافی پیداوار کے قابل ہو چکا ہے۔مزید توانائی منصوبے اور ایل این جی ٹرمینل بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک سے معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت کے سوااور کوئی آپشن نہیں۔ آئندہ الیکشن 2018ءمیں ہی ہوں گے۔وزیر اعظم نے تقریب میں شرکت پر قطری شہزادے کا شکریہ بھی ادا کیا۔