نئی دہلی۔۔۔۔ ۔ کیش لیس لین دین کو فروغ دینے کیلئے ملک بھر کے سبھی ریلوے ریزرویشن مراکز پر مسافروں کو ’’بھیم ایپ‘‘کے ذریعے ادائیگی کی سہولت مہیا ہوگی۔ریلوے بورڈ کے رکن محمد جمشید نے بتایا کہ یکم دسمبر سے ملک کے سبھی ریلوے ریزرویشن مراکز پر قائم کاؤنٹر پر بھیم ایپ سے ادائیگی کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کیش لیس ڈیجیٹل لین دین میں ابھی تک ریلوے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ اور آن لائن بینکنگ کے ذریعے ادائیگی کی جارہی تھی۔محکمہ ریلوے نے بغیر کسی کارڈ کے صرف موبائل فون کے ذریعے ادائیگی کی سہولت کا آغاز کردیا ہے۔ جمشید نے بتایا کہ دہلی اور قرب و جوار کے علاقوں میں یہ منصوبہ تجرباتی طور پر شروع کیا گیا تھا جس کی کامیابی کے بعد اب ملک بھر میں 3ہزار سے زائد پی آر ایس مراکز پر بھیم ایپ شروع کیا جارہا ہے۔ یہ ایپ نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) نے بنایا ہے۔