لکھنؤ- - - - - اترپردیس میں بلدیاتی الیکشن میں حکمراں جماعت بی جے پی کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ ریاست کی 16 میونسپل کارپوریشن میں سے 14 پر اس کا قبضہ ہوچکا ہے اور میرٹھ و علی گڑھ بی ایس پی کے حصہ میں آ گئیں جبکہ کانگریس اور سماج وادی پارٹی کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی ۔جمعہ کی صبح جب ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی تو سب سے پہلا نتیجہ اجودھیا ، فیض آباد میونسپل کارپوریشن کا آیا جہاں پر بی جے پی کا امیدار 3 ہزار ووٹوں سے کامیاب ہوا لیکن بی جے پی کو صرف شہری علاقوں میں کامیابی ملی جہاں اس کا اثر تھاجبکہ ضلع کے ٹاؤن ایریا کی سیٹیں سماج وادی پارٹی کے پاس چلی گئیں ۔اجودھیا میں بی جے پی کی جیت یوں بھی پکی سمجھی جارہی تھی کیونکہ پہلی بار وزیراعلیٰ یوگی نے اجودھیا کو بڑی اہمیت دی، وہاں ٹاؤن ایریا کو کارپوریشن میں تبدیل کیا۔ بی جے پی نے اس کے علاوہ جن دیگر کارپوریشنز میں میئر کے عہدے پر قبضہ کیا ہے ان میں لکھنؤ ، بنارس، الٰہ آباد، بریلی، گورکھپور، کانپور ، غازی آباد، جھانسی، مرادآباد، آگرہ، فیروزآباد، سہارنپور اورمتھرا شامل ہیں۔ ریاستی راجدھانی لکھنؤ میں بی جے پی کی میئر امیدوار سینکتا بھاٹیانے اپنی قریب ترین حریف سماج وادی پارٹی کی امیدوار میرا وردھن کو تقریباً80 ہزار ووٹوں سے شکست دی ۔ جہاں تک لکھنؤ کے وارڈوں کا سوال ہے تو سماج وادی پارٹی کے علاوہ کانگریس امیدوار بھی اچھی خاصی تعداد میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بی ایس پی جس کے بارے میں اندازہ تھا کہ یہ پارٹی ڈوب رہی ہے لیکن اس نے میرٹھ اور علی گڑھ میں کامیابی حاصل کرکے نئی سیاسی تقویت پائی ہے۔پارٹی سپریمو مایاوتی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دلت اور مسلمان اب پارٹی میں واپس آگئے ہیں۔ جمعہ کو میونسپل کارپوریشن ہی نہیں بلکہ ریاست کی 158میونسپل کمیٹیوں اور 439ضلع پنچایتوں کے انتخابات کے ووٹوں کی بھی گنتی ہوئی جن میں کانگریس ، سماج وادی پارٹی ، بی ایس پی اور عام آدمی پارٹی نے بھی بہت حد تک کامیابیاں حاصل کی ہیں تا ہم سماج وادی پارٹی اور کانگریس کو کہیں بھی میئر کے عہدے پر کامیابی نہیں ملی۔ عام آدمی پارٹی نے بجنور کی میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کی سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے جہاں اس کی مسلم امیدوار کامیاب ہوئی ہیں۔ اسی طرح درجنوں میونسپل کارپوریٹر بھی پارٹی کو مل گئے ہیں۔ ریاست کے 14میئر کامیاب ہونے پر وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے پہلے امتحان میں اے پلس گریڈ حاصل کر لیا ہے۔ خود وزیراعلیٰ نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے مخالفین کی اب آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ وہ لو گ جو گجرات اور 2019ء کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کی ہار کی پیش گوئی کر رہے ہیں انہیں یقینا منہ کی کھانی پڑے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کو جہاں ایک طرف ترقی سے منسوب کیا ہے وہاں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی بھی ستائش کی ہے۔