حیدرآباد- - - - - پولاورم پروجیکٹ کے اسپل وے کے کاموں کی تعمیر کیلئے ٹینڈرز کی طلبی کے عمل کو روکنے کی خواہش کرتے ہوئے حکومت آندھراپردیش کو مرکزی وزارت آبی وسائل کے مکتوب کے نتیجہ میں سیاسی تنازع پیداہوگیا ہے کیونکہ تلگودیشم اور بی جے پی کے لیڈروں میں اس مسئلہ پر لفظی جنگ شروع ہوگئی ہے۔ اس وزارت کے سیکریٹری نے اے پی کے چیف سیکریٹری دنیش کمار کو مکتوب لکھتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ وہ دریائے گوداوری پر تعمیر کئے جانے والے پولاورم پروجیکٹ کے ٹینڈر کی طلبی کے عمل اور اسکے اسپل وے کے کاموں کیلئے کنٹریکٹرز کو تبدیل کرنے کے عمل کو روک دے ۔ چیف منسٹر این چندرابابونائیڈو نے گزشتہ روز اس مسئلہ پر مرکز کے رویہ پر ناخوشی ظاہر کی تھی اور پولاروم پروجیکٹ جو کہ قومی پروجیکٹ ہے ، کی تعمیر کامرکز کے حوالے کرنے کیلئے بھی وہ تیار ہیں۔ انہوںنے جمعہ کو تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پولاورم پروجیکٹ کی تعمیر کے اپنے عہد کا اعادہ کیا اور تلگودیشم کے لیڈروں کو مشورہ دیاکہ وہ اس مسئلہ پر مرکز کیخلاف بیان دینے میں پہل نہ کریں۔اس مسئلہ کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی اورمرکزی وزیر آبی وسائل نتن گڈگری سے شخصی طور پر بات کریں گے۔وزیرزراعت سومی ریڈی چندرموہن ریڈی نے کہا کہ حکومت پولاورم پروجیکٹ کی تکمیل کے مسئلہ پر اپنے حدود میں مرکز کیساتھ لڑائی کیلئے تیار ہے۔انہوں نے مرکز پرزور دیا کہ وہ اے پی کے تئیں عملی اقدام کریں۔