نئی دہلی .... یوپی کے بلدیاتی انتخابات میں بہوجن سماج پارٹی دوسرے نمبر پر آئی ہے اور اب اسکی رہنما مایاوتی نے بی جے پی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر 2019ءکے لوک سبھا انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کے ذریعے ووٹنگ ہوئی تو میری جماعت الیکشن میں سوئپ کریگی۔ انہوں نے ہفتے کو صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ اگر بی جے پی ایماندار ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے تو اسے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ختم کردینی چاہئے اور انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کا استعمال کرنا چاہئے۔ عام انتخابات 2019ءمیں ہونے ہیں۔ اگر بی جے پی کو یقین ہے کہ لوگ اسکے ساتھ ہیں تو اسے اس پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ میں گارنٹی دیتی ہوں کہ اگر بیلٹ پیپرز کا استعمال ہوا تو بی جے پی کسی بھی طور اقتدار میں نہیں آسکے گی۔ واضح رہے کہ مایا وتی اس سال کے اوائل میں یوپی اسمبلی الیکشن ہارنے کے بعد سے بیلٹ پیپر کے استعمال کامطالبہ کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا تھاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے دھاندلی کی گئی ہے۔