لاہور... سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اورمسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ رکاوٹوںکو دور کیا جارہا ہے۔آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی کا مقابلہ ہوگا اور عوام کی عدالت میں سر خرو ہوں گے۔ جاتی امراءرائے ونڈ میں بلدیاتی نمائندوں رہنماوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ملک میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے اور ہر شعبہ ترقی کی جانب گامزن ہوا ۔ موجودہ دور میں حکومت کی راہ میں جتنی رکاوٹیں ڈالی گئیں، اس کی مثال نہیں ملتی ۔ اس کے باوجود حکومت نے عوام کی خدمت اور ملک کو آگے لے جانے میں کوئی کسرا ٹھا نہیں رکھی ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی بنیاد ہیں ۔حکومت ان کی مضبوطی کےلئے ہر ممکنہ اقدام کر رہی ہے ۔علاوہ ازیں مریم نواز سے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال سمیت قصور سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے بھی ملاقات کر کے ملک کی مجموعی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔