سالانہ ڈائریکٹری کی رسم اجراء کی گئی اور شرکاء نے سرسید کے مشن کو آگے بڑھانے کا عزم کیا
* * * رپورٹ و تصویر:کے این واصف* * *
ریاض:حسب روایت امسال بھی ریاض میں یوم سرسید شاندار پیمانے پر منایا گیا۔ یہ سرسید کا 200واں یوم پیدائش تھا۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن (اموبا) نے اس تقریب کا اہتمام ریاض کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں کیا جس میں 600سے زائد طلبائے قدیم (مرد و خواتین) نے شرکت کی۔ اموبا ہر سال ہندوستان سے کسی معروف شخصیت کو اس تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کرتی ہے۔ امسال انہوں نے وائس چانسلر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی پروفیسر طارق منصور کو مدعو کیا جبکہ نائب سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ڈاکٹر عبدالاحد چوہدری کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ ناظم ِمحفل ڈاکٹر عبدالرحیم خان کے تعارفی کلمات کے بعد صدر اموبا انجینیئر سہیل احمد نے خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم سرسید منانے کا مقصد ایک تو نئی نسل کو محسنِ قوم و ملت سرسید احمد خان کی شخصیت سے متعارف کرانا ،نیز سرسید کے مشن کو آگے لیجانے کے عہد کی تجدید کرنا ہے۔
اموبا ریاض کے پہلے صدر ڈاکٹر ندیم ترین نے کہا کہ سرسید کی خواہش تھی کہ انکا تعلیمی مشن سارے ہندوستان میں پھیلے ۔اب یہ فارغین علیگڑھ کا کام ہے کہ ملک کے طول و عرض میں اپنے علاقوں میں علم کی شمعیں روشن کریں تاکہ سرسید کا مشن زندہ اورجاری رہے۔
مہمان اعزازی ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نائب سفیر ہند نے کہا کہ سرسید احمد خان نے قوم کو نئے علوم سے متعارف کرایا اور آج سے ڈیڑھ سو سال قبل انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم پر زور دیا۔
مہمان خصوصی پروفیسر طارق منصور ، وائس چانسلر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی نے محفل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علیگڑھ یونیورسٹی کیمپس میں کے جی سے پی جی تک کی تعلیم کا اہتمام ہے۔یہاں طلبہ کی بہترین تعلیم وتربیت ہوتی ہے او رابتداء ہی سے ان میں علیگڑھ کی تہذیب گھر کر جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا میں جہاں علیگزبستے ہیں وہاں سرسید کی یاد منائی جاتی ہے۔
طارق منصور نے بتایا کہ حکومت نے جامعہ علیگڑھ کی ترقیاتی اسکیموں کیلئے 90کروڑ کا خصوصی بجٹ منظور کیا ہے ۔ انہوں نے علیگرین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو بھی علیگڑھ یونیورسٹی میں تعلیم دلوائیں تاکہ یہ سلسلہ نسل در نسل قائم رہے۔
صدر محفل اور سعودی عرب میں موجود سب سے سینیئر علیگ مکرم علیخان نے اپنی کبر سنی کے باوجود تقریب میں شرکت کی اور اپنے مخصوص انداز میں خطاب کرتے ہوئے محفل کو زعفران زار کردیا۔
اس موقع پر اموبا کی سالانہ ڈائریکٹری کی رسم اجراء پروفیسر طارق منصور کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ واضح رہے کہ اموبا ہر سال پابندی سے ایک ضخیم ڈائریکٹری شائع کرتا ہے جو علیگرین کے آپس میں رابطے کا بہترین ذریعہ ہے۔
نائب صدر اموبا سلمان خالد کے ہدیہ تشکر پر اس محفل کا اختتام عمل میں آیا۔ اس محفل میں علیگرین کے علاوہ ریاض کی سماجی تنظیموں کے اراکین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔