نئی دہلی۔۔۔۔امریکی صدر کے ذریعے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے اعلان کے بعد صدر جمعیت علمائے ہند مولانا سید ارشد مدنی نے کہا ہے کہ امریکہ کا یہ فیصلہ بین الاقوامی اصولوں کے خلاف ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ جمعیت علمائے ہند ، قبلہ اول (بیت المقدس) کے تحفظ کیلئے ہونیوالی ہر جدو جہد کا روز اول سے حصہ رہی ہے اور وہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس اعلان کو ظالمانہ قدم اور انصاف کے خلاف سمجھتی ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ گزشتہ سال یونیسکو نے ایک تاریخی فیصلے میں دیوارِ براق اور مسجد اقصیٰ پر مسلمانوں کے حق کو تسلیم کیا تھا اس لئے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ موجودہ حیثیت سے چھیڑچھاڑ کرنے والوں پر لگام لگائے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ یہ اشتعال انگیز فیصلہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں میں بے چینی پیدا کرنیوالا ہے۔ مولانا مدنی نے امریکہ پر عالمی قوانین اور بین الاقوامی خدشات کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے اس فیصلے سے امن کے کوشاں ادارے مایوس ہوئے ۔اقوام متحدہ سے اس موضوع پر ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سابقہ منظورشدہ قراردادوں کی روشنی میں القدس کی حیثیت برقرار رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔