احمد آباد.... گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے آج ووٹ ڈالے جائیں گے لیکن اس سے قبل جمعہ کو کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صنعتکاروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے گبر سنگھ (جی ایس ٹی) کی مدد لی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گجرات میں کانگریس کی آندھی چل رہی ہے او ران کی پارٹی کا الیکشن جیتنا یقینی ہو گیا ہے۔ اس جیت کو اب کوئی نہیں روک سکتا۔ گجرات کے چھوٹا اودھے پور میں راہول نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ایک جی ایس ٹی چاہئے ، گبر سنگھ ٹیکس نہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعظم مودی نے اپنے 10 صنعتکار دوستوں کے ایک لاکھ 30ہزار کروڑ روپے معاف کر دیئے جبکہ ریاست میں کسانوں کی حالت انتہائی خراب ہے او ران کا کوئی قرض معاف نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے رائے دہندگان کو جذبات سے جوڑتے ہوئے کہا کہ آج گجرات کی حالت انتہائی خراب ہے او ریہاں ایک ماں اپنے بیٹے کو انجینیئر بنانے کیلئے رشوت دینے پر مجبور ہے۔ انہو ںنے کہا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو حلف برداری کے بعد 10دنوں کے اندر کسانوں کا قرض معاف کرنے کی اسکیم نافذ کر دی جائیگی۔ راہول گاندھی نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم چین او رپاکستان کی بات کرتے ہیں لیکن گجرات پر آج تک انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے ریلی میں موجود لوگوں سے سوالات کیا کہ ٹاٹا نانو کو 30ہزار کروڑ روپے ملے لیکن جنتا کو کیا ملا۔ یہی نہیں انہوں نے ریلی میں موجود لوگوں سے یہ بھی پوچھا کہ کیا آپ نے گجرات کی سڑکوں پر کبھی ٹاٹا نانو کار دیکھی ہے؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولنگ سر پر آچکا ہے لیکن بی جے پی نے ابھی تک اپنا انتخابی منشور جاری نہیں کیا۔ وہ عوام کےلئے کیا کرنا چاہتی ہے، اسے ابھی تک لوگوں کے سامنے پیش نہیںکیا گیا۔