کم عمری میں بال سفید ہونے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جیسا کہ متوازن غذا کی کمی ، ذہنی دباؤ یا پریشانی ، بال رنگنے کے لیے مصنوعی اور کیمیائی طریقوں کا استعمال اور ناقص شیمپو اور تیل کا استعمال وغیرہ . بعض اوقات یہ عارضہ وراثت میں بھی منتقل ہوتا ہے . اگر بال قبل از وقت سفید ہو جائیں تو ذہن میں پہلا خیال بالوں کو رنگنے کا ہی آتا ہے لیکن بالوں کو مصنوعی رنگوں سے رنگنے کا مطلب یہ ہے کہ بالوں کی مجموعی صحت خوداپنے ہی ہاتھوں سے برباد کر دی جائے . اس نقصان سے بچنے کے لیے بالوں کو ہربل نسخوں سے رنگنا زیادہ مفید ہے . بالوں کو قدرتی طریقوں سے رنگنے کا فائدہ یہ ہے کہ نہ صرف بال محفوظ رہتے ہیں بلکہ سر بھی جلدی امراض ، خارش اور خشکی وغیرہ سے محفوظ رہتا ہے . ہربل نسخے بالوں کی قدرتی چمک اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں . اس لیے ان کا بے فکری سے استعمال کر لینے میں کوئی حرج نہیں . اگر ان سے فائدہ نہ ہو تو نقصان کا احتمال بھی نہیں ہوتا۔