Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مانچسٹر سٹی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو1-2 سے شکست دے دی

مانچسٹر:انگلش پریمیئر لیگ کے مشہور زمانہ ڈربی میچ میں مانچسٹر سٹی نے اپنی روایتی حریف مانچسٹر یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-2سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مزید مستحکم کر لی ۔ اس فتح کے نتیجے میں مانچسٹر سٹی مانچسٹر یونائیٹڈ سے گیارہ پوائنٹس آگے چلی گئی ۔انگلینڈ کے ایک ہی شہر سے تعلق رکھنے والے ان کلبز کے درمیان میچ کا فٹبال شائقین کو شدت سے انتظار رہتا ہے اور اس میچ کی مقبولیت کے باعث اسے ڈربی کانام بھی دیا گیا ہے۔اولڈ ٹریفور ڈ گراونڈ پر کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے میں آیا۔ پہلے ہاف میں مانچسٹر سٹی کا پلہ بھاری رہا جس کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کے گول پر کئی بار حملے کیے اور ہاف ختم ہونے سے صرف دو منٹ قبل ایک موو پر مانچسٹر سٹی کے ڈی سلوا نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی لیکن صرف 4 منٹ بعد ہی دفاعی کھلاڑی کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مانچسٹر یونائیٹڈ کے رشفورڈ نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔دوسرے ہاف کے 9ویںمنٹ میں مانچسٹر سٹی کے اوٹمانڈی نے حریف کھلاڑی لوکاکو کی غلط کلیئرنس کا فائدہ اٹھایا اور گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی جو آخر تک قائم رہی۔اس فتح کے بعد پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی کے پوائنٹس کی تعداد 46 ہوگئی ہے جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈکے 35پوائنٹس ہیں۔

شیئر: