Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بین المذاہب مکالمے کے فروغ کیلئے پاکستان کی قرارداد منظور

نیویارک... اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بین المذاہب مکالمے کے فروغ کےلئے پاکستان اور فلپائن سے مشترکہ قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی۔قرار داد میں دنیا میں تعلیم ، تحمل اور تعاون پر مبنی امن اور عدم تشدد کے ماحول کے قیام کےلئے بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔ قرار داد میں تمام ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور حقوق انسانی کے عالمی اعلامیہ کے مطابق تمام انسانی حقوق اور شخصی آزادیوں کے تحفظ کے حوالے سے اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ یہ قرار داد پہلی مرتبہ امریکہ میں 11ستمبر کے حملوں کے ردعمل میں سامنے آنے والے تہذیبوں کے درمیان تصادم کے نظر ئیے کے جواب میں متعارف کرائی گئی تھی۔ اس قرار داد میں امتیازی سلوک اور تشدد پر اکسانے والی مذہبی منافرت کی حمایت کی مذمت کی گئی تھی اور بین المذاہب اور بین الثقافت مکالمے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا تاکہ دنیا میں امن اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے قرار داد کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس عالمی برادری کی طرف سے دہشت گردی، عدم برداشت اور تعصب کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا اعتراف قرار دیا۔ 

شیئر: