وزیراعظم سے پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے وفد کی ملاقات، شہباز شریف کا کنگ سلمان فاونڈیشن کا شکریہ
وزیراعظم نے کنگ سلمان فاونڈیشن اور دیگر کا انسداد پولیو مہم میں حکومت کی مدد پر شریکہ ادا کیا۔ (فوٹو: وزیراعظم آفس)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بدھ کو پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وفد میں کنگ سلمان ہیومینیٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کے ڈاکٹر زیاد میمش اور کے ایس ریلیف کے ہیلتھ و انوائرمنٹل ایڈوائزر ڈاکٹر عبداللہ، بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندہ کرسٹوفر ایلیاس، عالمی ادارہ صحت کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف روزا کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجیسیکارا، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریا فرسٹڈٹ اور دیگر شامل تھے۔
وزیراعظم نے پاکستان آمد اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت پاکستان کا ساتھ دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کنگ سلمان فاونڈیشن، بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن، روٹری فاؤنڈیشن، یونیسیف اور سی ڈی سی کا شکریہ ادا کیا جو کہ انسداد پولیو مہم میں حکومت پاکستان کے ساتھ شریک ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان تمام تنظیموں کا کردار انسداد پولیومہم میں عالمی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔ ’ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’جب تک پولیو کو ہمیشہ کے لیے شکست نہ دے دیں ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور وفاق اور تمام صوبے مل کر انسداد پولیو کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وفد نے انسداد پولیو کے حوالے سے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
بل اینڈ میلینڈا گیٹس کے نمائندے ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس نے کہا کہ پاکستان کی انسداد پولیو کی موجودہ حکمت عملی پر بہتر طریقے سے عملدرآمد ہو رہا ہے جس کے نتائج میکرو سطح پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں اور جلد ہی پولیو کیسز میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔
ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔