نئی دہلی۔۔۔۔۔۔۔ریاست تلنگانہ میں شوہرکو قتل کرکے بوائے فرینڈ کو سرجری کے ذریعے اس کی پہچان دینے والی عورت کو گرفتار کرلیا گیا۔سووتی کی شادی سدھاکر سے ہوئی تھی لیکن 2سال قبل اس کی دوستی راجیش سے ہوگئی جس کا علم اس کے شوہر کو ہوگیا تھا ۔ سووتی اور اس کے دوست نے سدھاکر کو راستے سے ہٹانے کی سازش تیار کی اور ایک دن اسے قتل کرکے جنگل میں پھینک دیا ۔دوسرے مرحلے میں سووتی نے اپنے دوست راجیش کی مرضی سے اس کے چہرے پر تیزاب پھینکنے کے بعد اپنے سسرال فون کردیا کہ کسی نے سدھاکر کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔ سسرالیوں نے ناقابل شناخت چہرے کی وجہ سے سووتی کے دوست کو ہی اپنا بیٹا سمجھ کراسپتال میں داخل کرادیا اور پلاسٹک سرجری کرانے لگے۔سدھاکر کے والدین کو اس وقت شک ہوا جب انہیں بیٹے کی آواز اور انداز بدلا ہوا محسوس ہوااور جو کھانا لیکر اسپتال پہنچے تو اسے بھی کھانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سبزی کھاتا ہے جس پر ان کا شک یقین میں بدل گیا اور انہوں نے پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرادی۔ پولیس نے آدھار کارڈ طلب کیا جس سے پتہ چلا کہ اسپتال میں جو شخص زیر علاج ہے وہ ان کا بیٹا نہیں بلکہ راجیش نامی شخص ہے۔بعد ازاں پولیس نے سووتی کوگرفتار کرکے اس سے پوچھ گچھ شروع کردی۔پولیس کی تفتیش سے گھبراکر سووتی نے ساری کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوگیا تو راجیش اور ہم پونا جاکر رہتے۔پولیس راجیش کو علاج معالجے کے بعد حراست میں لے لیگی ۔یہ واقعہ پورے ملک میں موضوعِ بحث بنا ہواہے۔