کابل۔۔۔افغان خواتین پر مشتمل ایک فوجی دستہ پہلی مرتبہ ہندبھیجا گیا ہے جہاں ہندوستانی فوج چنئی کی ایک فوجی اکیڈمی میں انہیں تربیت دے گی۔ اس سے پہلے ہزاروں کی تعداد میں افغان مرد فوجی ہندمیں تربیت حاصل کر چکے ہیں تاہم ہند پہلی مرتبہ افغانستان کی خواتین فوجیوں کو تربیت دے رہا ہے۔اس دستے میں 18 بری، 3 فضائی فوجی خواتین کے علاوہ وہ خواتین بھی شامل ہیں جو افغانستان کی ا سپیشل فورسز، وزارت دفاع کے اداروں، تعلقات عامہ، مالی اور قانونی امور سے منسلک ہیں۔افغان وزارتِ دفاع کے ترجمان، دولت وزیری نے بتایا ہے کہ 35 افغان فوجی خواتین 3 ہفتوں پر محیط اس تربیتی کورس میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواتین انگریزی زبان سیکھنے اور کمپیوٹر کورسز میں بھی حصہ لیں گی۔