پاکستان میں 'ٹائیگر زندہ ہے'کی نمائش پر پابندی
پاکستانی سینماﺅں میں بالی وڈ فلم' ٹائیگر زندہ ہے' کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پاکستان کے کسی شہر کے کسی سینما میں فلم کی نمائش نہیں ہو سکے گی۔ذرائع کے مطابق ہندوستانی جاسوس اور پاکستانی جاسوسہ کے کرداروں پر مبنی فلم ' ٹائیگر زندہ ہے' کو پاکستان مخالف فلم قراردیاجارہاہے ۔پاکستانی حکام کی جانب سے فلم کو ریلیز کی اجازت نہ دینے پر کہاگیاہے کہ فلم میں پاکستان اور قانون نافذ کرنےوالے پاکستانی اداروں کے بارے میں غلط تصویر پیش کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق فلم کے کئی ڈائیلاگز اور مناظر میں پاکستان مخالف مواد شامل ہے جسکی وجہ سے فلم کو پاکستانی سینماﺅں میں ریلیز کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ یہ فلم 22 دسمبر کو ہندوستان سمیت دیگر ممالک میں ریلیز ہورہی ہے۔ٹائیگر زندہ ہے، 2012 میں ریلیز ہونےوالی فلم ' ٹائیگر' کی سیکوئل ہے۔ اس سے قبل بھی اس فلم کی کہانی کو پاکستان کیخلاف متنازعہ قراردیکر ریلیز روک دی گئی تھی۔