ریاض- - - - - - محکمہ زکوٰۃ و آمدنی نے اعلان کیا ہے کہ 80 ہزار سے زیادہ ادارے ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اندراج کراچکے ہیں۔ محکمہ نے سالانہ 10 لاکھ ریال سے زیادہ آمدنی والے تمام اداروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ 20 دسمبر بدھ سے قبل اندراج کرا لیں وگرنہ 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا اور ٹیکس اقرار نامہ کی پابندی نہ کرنے پر دیگر سزاؤں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ محکمہ نے توجہ دلائی کہ بیشتر ادارے یکم جنوری 2018 ء سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کی تیاری کرچکے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ نے ایک اور اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی کہ سونے کے زیورات بیچنے پر بھی ویلیو ایڈڈ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ مثال کے طور پر اگر کوئی شخص 10 ہزار ریال مالیت کے زیورات فروخت کرے گا تو اس پر 500 ریال ویلیو ایڈڈ ٹیکس لاگو ہوگا۔