بگ بیش :شین واٹسن نے ٹیم کو فتح دلادی
سڈنی:آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش کے افتتاحی میچ میں کپتان شین واٹس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سڈنی تھنڈر کو حریف ٹین سڈنی سکسرز کے خلاف5وکٹوں سے فتح دلا دی۔ سڈنی سکسرز کے ڈینیئل سیمس نے4وکٹیں لیں لیکن ان کی ٹیم شکست سے نہ بچ سکی۔سڈنی کے شو گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں سڈنی سکسرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے9وکٹوں کے نقصان پر 149رنز بنائے۔ سیم بلنگز31اور ڈینیئل ہیوز29رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔سڈنی تھنڈر کے بولرز فواد احمد، ارجن نائر اور مچل میکلنگھان نے2،2وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں شین واٹسن نے پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گرنے کے بعد ٹیم کو سہارا دیا اور کرٹس پیٹرسن کے ساتھ74رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے فتح کی بنیاد رکھ دی۔پیٹرسن29رنز بنا کر لوٹے تو اگلی دونوں وکٹیں بھی جلدی گر گئیں تاہم واٹسن نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور6،6 چھکوں اور چوکوں کی مدد سے 46گیندوں پر77رنز بنا کر آوٹ ہو ئے تو مجموعی اسکور126رنز ہو چکا تھا ۔ اس کے بعد ارجن نائر اور ایڈن بلزرڈ کے لئے ٹیم کو ہدف تک پہنچانا مشکل ثابت نہیں ہوا اور ارجن نے آخری گیند پر ایک رن بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ شین واٹسن کو ان کی فتح گر اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ڈینیئل سیم نے4اوورز میں14رنز دے کر4وکٹیں لیکن ان کی یہ بولنگ ٹیم کے کام نہ آسکی۔