ایلووویرا جیل ، بالوں کے مسائل کا بہترین حل
بالوں کے مسائل بہت عام سی بات ہے اور خواتین گرتے بالوں ، خشکی اور بالوں کی کمزوری اور روکھا پن دور کرنے کے لیے مختلف ٹوٹکوں کی تلاش میں رہتی ہیں . قدرت نے ہمیں ایسی بہت سی بہترین نعمتوں سے نوازا ہے جنکا استعمال ہمارے لیے حیران کن طور پر مفید ثابت ہوتا ہے . ایلوویرا ان میں سے ایک ہے . اسکا صحیح طریقے سے استعمال بالوں کے بہت سے مسائل سے نجات دلا سکتا ہے .
ایلوویرا جیل سر کی جلد میں خون کی گردش کو بڑھا کر بالوں کی بڑھوتری میں مدد دیتا ہے . خون کی گردش کے بڑھنے سے سر کی جلد کو وٹامن اور منرلز کی کثیر مقدار دستیاب ہو تی رہتی ہے جو بالوں کی نشونما کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور اینزائمزسر کی جلد تک پہنچ کر ٹوٹ پھوٹ کے شکار خلیوں کی مرمت کا کام کرتے ہیں . ایلوویرا جیل بالوں کو نرم اور لچک دار بناتا ہے جس سے بالوں کی ٹوٹنے کا خدشہ کافی حد تک کم ہو جاتا ہے .
اس کے علاوہ ایلوویرا جیل میں فنگل انفیکشن کو ختم کرنے ، بالوں اور سر کی جلد کو قدرتی طور پر نمی اور چکنائی فراہم کرنے کی جادوئی خصوصیات موجود ہیں . اسکا مستقل استعمال بالوں کو مضبوط اور چمک دار بناتا ہے .
ایلوویرا جیل بالوں کی پی ایچ کو بھی کنٹرول کرتا ہے . شیمپو اور دیگر ہیئر پراڈکٹس الکلی خصوصیات کے باعث بالوں کی پی ایچ خراب کر دیتے ہیں جس سے بالوں کو شدید نقصان پہنچتا ہے . ایلوویرا بالوں کی پی ایچ کو بحال کر کے انہیں صحت مند اور خوبصورت بناتا ہے . ان تما م خوبیوں کے ساتھ ساتھ یہ ایک بہترین کنڈشنر کا کام بھی کرتا ہے .