Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمرجنگ نیشن کپ کے انعقاد پر ہند کا اعتراض

ممبئی:ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال پاکستان میں ہونے والے ”ایمرجنگ نیشن ایشیا کپ“کے انعقاد پر اعتراض کردیا ۔ یاد رہے کہ پاکستان نے ہند میں ہونے والے انڈر 19 ایشین کپ میں ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایشین کرکٹ کونسل نے ایونٹ ہندسے ملائیشیامنتقل کیا۔ آئی سی سی یا ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ”ایمرجنگ نیشن ایشیا کپ“ پاکستان کے بجائے کسی اور مقام پر کرانے کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا ۔ بورڈ کے باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے ایشین کرکٹ کونسل کے دبئی میں ہونے والے حالیہ اجلاس کے دوران ”ایمرجنگ نیشن کپ“کے پاکستان میں انعقاد پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا چاہتا ہے لیکن موجودہ صورتحال میں اس کی ٹیم کا پاکستان جانا ممکن نہیں اس لئے ٹورنامنٹ کا مقام تبدیل کیا جائے ۔ایشین کرکٹ کونسل نے اکتوبر میں لاہور میں اجلاس کے دوران 5 ٹیموں پر مشتمل ایشین ایمرجنگ نیشن کپ آئندہ برس پاکستان میںمنعقد کرنےکا فیصلہ کیا تھا ۔ اجلاس میں ہندوستانی نمائندہ شریک نہیںتھا۔ اب دبئی کے اجلاس میں ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے سوال اٹھایا کہ وینیو کے اعلان سے قبل اسے اعتماد میں نہیں لیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ نیشن کپ پاکستان سے کسی اور جگہ منتقل کرنے پر تیار نہیں جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی پاکستان سے ایونٹ کی منتقلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایمرجنگ نیشن کپ کے انعقاد کا معاملہ ایشین کرکٹ کونسل کے آئندہ اجلاس تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

شیئر: