احمدآباد - - - - -کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے گجرات میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور ان سے انتخابی نتائج کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ بعد میں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کی ترقی کے بارے میں وزیراعظم مودی کے گجرات ماڈل کے دعوے کی پول انتخابات کے نتائج نے کھو ل دی۔ کانگریس کے سربراہ نے اپنی پارٹی کی شکست کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں تاہم کہا کہ کانگریس نے اچھی کارکردگی دکھائی اور ہم بی جے پی کا گھیراؤ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ جیسا کہ آپ نے دیکھا کہ میں نے انتخابی مہم کے دوران جو سوالات پوچھے تھے وہ ان کا جواب تک نہ دے سکے۔ اب پورا ملک ان سے پوچھ رہا ہے کہ گجرات میں ترقی کا ماڈل کہاں گیا؟ مودی جی اب آئندہ اس ماڈل کے بارے میں بات کرنے کے قابل بھی نہیں رہیں گے۔ گجرات کانگریس نے ملک بھر کو بتا دیا ہے کہ اگر آپ اپنے نظریے کی بنیاد پر ایک آواز ہوکر کام کریں تو شکست نہیں دی جاسکتی۔ اگرچہ ہمیں انتخابات میں شکست ہوئی ہے لیکن ہم جیتے ہیں اور یہی حقیقت بھی ہے۔