Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنسرٹ میں 50فون چرانے والا نوجوان پکڑا گیا

لندن..... برطانیہ میں ایک چالاک فون چور کو پولیس نے رنگے ہاتھوں پکڑلیا جس نے ہجوم سے بھرپور ایک کنسرٹ میں 50 سے زائد فون چرائے اور اپنے لباس کے نیچے تیراکی کے تنگ لباس میں انہیں چھپاتا رہا۔برطانیہ میں رہنے والا رومانیہ کا باشندہ ایلِن مارِن برمنگھم کے ایک بہت بڑے کنسرٹ میں شریک تھا جو 18 نومبر کو منعقد ہوا تھا۔ رائل بلڈ کنسرٹ میں اس نے تنگ جینز اور سیاہ وگلابی سوئمنگ سوٹ پہنا ہوا تھا وہ کنسرٹ میں ناچتے ہوئے دیگر افراد کے فون چراتا رہا اور مہارت کے ساتھ چوری شدہ فون سوئمنگ سوٹ میں اڑستا رہا۔ مہنگے سستے اسمارٹ فون کی اچھی خاصی تعداد جمع کرنے کے بعد اس نے اپنے گھر کی راہ لی لیکن اس کی بدقسمتی تھی کہ کنسرٹ کے شرکاء میں پولیس اہلکار بھی شامل تھے جو گزشتہ سال فون چوری ہونے کی شکایات پر وہاں موجود تھے۔ اس طرح پولیس نے چلتے پھرتے موبائل فون کے اس صندوق کو اپنی گرفت میں اس وقت لیا جب وہ اپنی کار میں بیٹھ رہا تھا۔ توقع ہے کہ اب مارن کو فون چرانے کی پاداش میں3 سال تک جیل کی ہوا کھانا ہوگی۔

شیئر: