ریاض( ذکاء للہ محسن)پنجاب ایڈوائزری کونسل کے ممبر اور مسلم لیگ ن کے سینیئررہنما عدنان اقبال بٹ کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں ایک آزاد ملک دیکر ہم پر ایسا احسان کیا ہے جس کو ہماری آئندہ نسلیں یاد رکھیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو تاریخ کا دھارا موڑ دیتے ہیں اور ان میں سے اور بھی بہت کم لوگ ہوتے ہیں جو دنیا کا نقشہ بدل دیتے ہیں، انہی میں سے قائداعظم محمد علی جناح بھی ہیں۔برصغیر کے مسلمانوں کو قائداعظم محمد علی جناح کی شکل میں ایسا رہبر میسر آیا جس نے اپنی عقل و دانشمندی سے مسلمانوں کو آزاد مملکت دی جس میں ہم الحمدللہ آزادی کی سانس لے رہے ہیں۔ ہمارا فرض ہے کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق عمل کرکے ترقی کے سفر پر گامزن ہوا جائے۔