لندن ..... برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس نے متحدہ عرب امارات کو برمنگھم یونیورسٹی کی لائبریری سے دریافت ہونے والے قرآن پاک کے قدیم ترین نسخے کی ای کاپی تحفے کے طور پر پیش کردی۔2015 ءکے دوران برمنگھم یونیورسٹی کی لائبریری میں قرآن پاک کا قدیم ترین نسخہ دریافت ہوا تھا۔ ماہرین نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کا تعلق 1370ءسے ہے۔ برمنگھم یونیورسٹی20ویں صدی کے دوسرے عشرے سے مذکورہ نسخے کو اپنے یہاں محفوظ کئے ہوئے تھی۔ لائبریری کے منتظمین تک کو پتہ نہیں تھا کہ ان کے یہاں اتنا بڑا انمول خزانہ رکھا ہوا ہے۔ گزشتہ سال کاربن ایکسرے سے معائنہ کیا گیا تو پتہ چلا کہ قرآن پاک کا مذکورہ نسخہ اس سے کہیں زیادہ پرانا ہے جتنا کہ انکے ذہنوں میں تھا۔ معائنے سے پتہ چلا کہ لائبریری میں موجود نسخہ بکرے کی کھال پر تحریر ہے او رپوری دنیا میں دریافت ہونے والے قلمی نسخوں میں قدیم ترین ہے۔ پہلی مرتبہ اس نسخے کی ای کاپی آکسفورڈ یونیورسٹی کی لائبریری سے باہر نکلی ہے۔ اب اسے متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی تقریبات کے دوران پیش کیا جائیگا۔ نپولین کے ایک مشیر نے مذکورہ نسخہ منتقل کیا تھا۔ محمد بن راشد آل مکتوم فاونڈیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرجمال بن حویرد کا کہناہے کہ قرآن پاک کے جس نسخے کے صفحات دریافت ہوئے ہیں اسکا تعلق اس نسخے سے ہے جسے خلیفہ ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے تحریر کرایا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ خود میں نے ذاتی طور پر قرآن پاک کے صفحات کا معائنہ کیا ہے مجھے ایسا لگتا ہے کہ انہیں عمدہ طریقے سے تحریر کیا گیا اور خلیفہ جیسی کسی اہم شخصیت کے لئے تیار کیا گیا ہوگا۔