Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں سعودی ترقی و بحالی پروگرام کے تحت کھیلوں کی سرگرمیاں

یمنی انڈر17 ٹیم کو حوصلہ افزائی کے طور پر خصوصی طور پر سراہا گیا۔ فوٹو واس
یمنی نوجوانوں کو بااختیار اور باصلاحیت بنانے کے عزم کے تحت سعودی ترقی و بحالی پروگرام برائے یمن نے ملک میں کھیلوں اور نوجوانوں سے متعلق مختلف اقدامات کی حمایت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی واس کی رپورٹ کے مطابق سعودی ترقی و بحالی پروگرام  نے یمن کے مختلف صوبوں کے سکولوں میں باسکٹ بال اور والی بال کے 30 سے زائد کورٹ تعمیر کیے ہیں۔
یمن میں فٹبال کے فروغ کے لیے الجزیرہ، الروضہ اور المینا کلب کے لیے فیفا کے معیار کے مطابق سٹیڈیمز تعمیر کرنے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے سعودی بحالی پروگرام یمن میں ایسے کھیلوں کے منصوبے نافذ کرنے کے لیے پُرعزم ہے جو عالمی معیار کے مطابق ہوں تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
یمن میں کھیلوں کی سہولیات کی بحالی، ٹورنامنٹس کی سرپرستی، تکنیکی مدد اور کھیلوں کی تربیت کی فراہمی اور بچوں میں ایتھلیٹک مہارتوں کی ترقی پر کام جاری ہے۔
سعودی ترقی و بحالی کے ادارے  نے یمنی نوجوان کھلاڑیوں کو مقابلے کے مواقع فراہم  کرنے کے لیے مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی کیا ہے۔

سعودی ترقی و بحالی پروگرام کے تحت مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا گیا۔ فوٹو: واس

یمن کے شہر عدن میں نوجوانوں کو جسمانی سرگرمیوں کے لیے ایک نیا مقام فراہم کرنے کے لیے کئی سال تک غیر فعال رہنے کے بعد علی اسد مثنیٰ سپورٹس ہال بحال کیا گیا ہے۔ 
یمن میں مارب فٹبال چیمپئن شپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں متعدد شہروں کے 14 کلب اور 588 نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی، حضرموت میں باسکٹ بال ٹورنامنٹ  میں 17 کلب اور 289 کھلاڑی شریک تھے۔

یمن میں کھیلوں کے عالمی معیار کے منصوبے نافذ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ فوٹو: واس

ویسٹ ایشین فٹبال چیمپئن شپ دسمبر2021 میں سعودی انڈر17 ٹیم کے مقابلے میں کامیابی پر یمنی انڈر17 قومی ٹیم کو خراج تحسین اور حوصلہ افزائی کے طور پر خصوصی طور پر سراہا گیا۔
قبل ازیں سعودی ترقی و بحالی پروگرام برائے یمن نے یمن میں کھیلوں کے فروغ کے لیے سعودی وزارت کھیل کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر جون 2020 میں دستخط کیے تھے جس کے بعد سے اب تک یہ ادارہ کھیل، تعلیم، صحت، پانی، توانائی اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں 264 منصوبوں اور اقدامات کی حمایت کر چکا ہے۔
 

 

شیئر: