Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرف نے میری والدہ کو قتل کرایا،بلاول

  گڑھی خدا بخش / لندن ... پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر کے قتل کا ذمہ دار ذاتی طور پر پرویز مشرف کو سمجھتا ہوں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو اور گڑھی خدا بخش میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس نوجوان کو بینظیر کا قاتل نہیں سمجھتے جس نے 27 دسمبر 2007 کی شام راولپنڈی میں حملہ کیا تھا۔ پرویزمشرف نے سیکیورٹی کو جان بوجھ کر ہٹایا۔ مشرف نے صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میری والدہ کو قتل کرایا تھا۔ پرویز مشرف نے بینظیر بھٹو کو براہِ راست دھمکی دی اور کہا کہ ان کے تحفظ کی ضمانت تعاون پر منحصر ہے۔ بلاول نے کہاکہ بینظیر کے وعدوں کو نہیں بھولے۔ ان کے بتائے ہوئے راستے پر ہی چل رہے ہیں۔ عوام کی خوشحالی کیلئے ظالموں سے لڑ رہے ہیں۔ بینظیر کو دنیا بھر میں اسلام کا امن پسند چہرہ دکھانے ،جمہوریت کا علم بلند کرنے اور آمریت سے لڑنے سزا دی گئی۔ آج پوری دنیا دہشت گردی کی آگ میں جل رہی ہے۔ پوری دنیا کے مظلوم بینظیر کو پکار رہے ہیں۔ جو دہشتگردوں کے خلاف بات تک نہیں کر سکتے وہ ان سے کیا لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی مشرقی اور مغربی سرحدیں غیر محفوظ ہیں۔ پاکستان دنیا میں اکیلا ہوتا جارہا ہے۔ بلاول نے کہا کہ بینظیر کو جن حکمرانوں نے عدالتوں میں گھسیٹا آج وہ عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ وزیر اعظم موجود ہے لیکن کہتا ہے میں وزیر اعظم نہیں۔ انہوں نے جمہوریت کو کمزور اور پارلیمان کو بے توقیر کیا۔

شیئر: