Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر میں قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات میں 60 فیصد اضافہ

برلن۔۔۔ دنیا بھر میں قدرتی آفات کے باعث ہونے والے نقصانات میں60 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ سال رواں کے دوران قدرتی آفات سے ہونے والے نقصان کی مالیت 306 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔ جرمنی میں کئے جانے والے سروے میں ا نکشاف ہوا ہے کہ موسمی تغیر کے باعث قدرتی آفات سے دنیا بھر میں ہونے والے اقتصادی نقصانات میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ ہوا ہے۔ زیوریخ کی مقامی بیمہ کمپنی سویس ری کا کہنا ہے کہ 2017ء میں دنیا بھر میں قدرتی آفات سے ہونے والے اقتصادی نقصانات کی مالیت 306 ارب ڈالرہو چکی ہے۔ بیمہ کمپنی نے تیزی سے ہونے والے اس اضافے کی وجوہ امریکہ کے جنوبی حصے میں آنے والے3 شدید سمندری طوفان اور کیلیفورنیا اور دیگر مغربی علاقوں کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ کو قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ آگ ابھی بھی لگی ہوئی ہے۔کمپنی نے ستمبر میں وسطی میکسیکو میں آئے ایک بڑے زلزلے کا ذکر بھی کیا ہے۔ ان قدرتی آفات میں ہلاک شدگان اور گمشدہ افراد کی تعداد تقریبا ً11ہزار تک پہنچ چکی ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سال انشورنس کی مد میں قابل ادائیگی نقصانات کا تخمینہ 136 ارب ڈالر ہوگا۔ اس کا کہنا ہے کہ 1970ء کے بعد یہ تیسرا بڑا نقصان ہے۔ یاد رہے کہ مذکورہ اعدادوشمار کومرتب کرنے کا آغاز 1970ء سے ہوا تھا۔

شیئر: