Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جوازات کی خدمات اور سالانہ ملین ریال سے کم آمدنی والے ادارے واٹ سے مستثنیٰ

    جدہ ( ارسلان ہاشمی/نیوزڈیسک ) محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ ادارے کی خدمات پر VAT عائد نہیں کیا جائیگا ۔محکمہ زکوۃ و آمدنی نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ آنکھ بند کر کے کسی بھی ادارے کو واٹ ٹیکس ادا نہ کریں۔ یاد رکھیں کہ تمام دکانوں پر واٹ نہیں، تمام سامان واٹ میں شامل نہیں۔ ایسی دکانیں جن کی سالانہ آمدنی ایک ملین ریال سے زیادہ ہو گی صرف وہی واٹ کے دائرے میں داخل ہوںگی۔ صارفین بل لیتے وقت 4نکات نوٹ کرنے کا اہتمام کریں۔ دکان کا نام بل پر ہے یا نہیں۔ خرید کی تاریخ درج ہے یا نہیں۔ ٹیکس کا نمبر تحریر کیا گیا ہے یا نہیں۔ بل میں واٹ کے خانے کی موجودگی بھی چیک کی جائے۔ اگر کسی دکاندار نے واٹ وصول کیا اور بل میں دکان، تاریخ یا ٹیکس کے نمبر یا واٹ کا خانہ درج نہ ہو تو پہلی فرصت میں vat.gov.saیا 19993پر رابطہ کر کے شکایت درج کرا دیں۔واٹ ادارے نے بتایا کہ ایسے ادارے جو واٹ کے ہاں اندراج کرائے ہوئے نہ ہوں وہ واٹ وصول کرنے کے مجاز نہیں۔ ہر ادارہ بل دینے کا پابند ہے اور اس میں واٹ کا تذکرہ لازم ہے۔جوازات کے ترجمان کی جانب سے  ٹویٹر پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاگیا  ہے کہ یکم جنوری 2018 سے مملکت میں ویلیو ایڈیڈ ٹیکس عائد کیاجارہا ہے تاہم  جوازات کی  خدمات اس سے مستثنیٰ ہونگی ۔  اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ جوازات کی فراہم کردہ خدمات جن میں اقامہ کی تجدید ، نئے اقامے کا اجراء  ، خروج وعودہ اور کفالت کی تبدیلی کے علاوہ سعودی پاسپورٹ کے اجراء و تجدید اور دیگر خدمات شامل ہیں جن پر 5 فیصد"  واٹ " نہیں لگایا جائیگا ۔ واضح رہے مملکت میں یکم جنوری 2018 سے مختلف  تجارتی اشیاء اور خدمات پر 5 فیصد ٹیکس عائد کیاجارہا ہے ۔ اس ضمن میں وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ متعلقہ اداروں کو ٹیکس سافٹ ویئر ز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں جن پر وہ عمل کریں گے ۔ جن اشیاء پر ویلیو ایڈیڈ ٹیکس عائد کیاجائے گا انہیں باقاعدہ ٹیکس نمبر جاری ہو گا ۔ وہ ادارے یا کمپنیاں جو بغیر ٹیکس نمبر کے صارفین سے ٹیکس وصول کریں گی ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
 

شیئر: