ایشزسیریز:میلبورن کی وکٹ غیر معیاری تھی، آئی سی سی
دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے لئے بنائی گئی وکٹ کو ناقص اور غیر معیاری قرار دے دیا۔ آئی سی سی کا یہ فیصلہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے لئے سخت شرمندگی کا سبب بنا ہے اور اسے 2ہفتے میں عالمی ادارے کو اس بارے میں جواب دینا ہے۔ یاد رہے کہ چوتھا ٹیسٹ میلبورن کرکٹ گراونڈ میں کھیلا گیا تھا۔منگل کو اس پچ کے بارے میں جاری کردہ رپورٹ میں آئی سی سی کا کہنا تھا کہ یہ وکٹ ٹیسٹ میچ کے لئے بالکل غیر موزوں تھی ۔آئی سی سی پچ اینڈ آوٹ فیلڈ مانیٹرنگ پراسس کے تحت میلبورن کی وکٹ کا جائزہ لینے والے میچ ریفری رنجن مدھوگالے نے بتایا کہ وکٹ بیٹسمینوں اور بولرز کے درمیان برابر کے مقابلے کے لئے موزوں نہیں تھی اور اسے ا سپورٹنگ وکٹ نہیں کہا جا سکتا۔یاد رہے کہ سیریز کا چوتھا ٹیسٹ ڈرا ہو گیا تھا جس کے بعد وکٹ کے حوالے سے شدید تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ کھیل کے پانچوں اور آخری دن انگلینڈ کے بولرز سر توڑ کوشش کے باوجود 80اوورز میں صرف2وکٹیں لینے میں کامیاب ہو سکے تھے۔وکٹ میں5دن کے کھیل کے باوجود کسی قسم کی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی اور نہ ہی اس میں قدرتی طور پر کسی قسم کی ٹوٹ پھوٹ نظر آئی۔آئی سی سی کے میچ ریفری کا کہنا تھا کہ اس میں کسی قسم کی جان نہیں تھی اور نہ ہی مطلوبہ اچھا ل دکھائی دیا۔خود آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کا کہنا تھا کہ کچھ ریورس سوئنگ ضرور دیکھنے میں آئی لیکن نرم ہوجانے کی وجہ سے فیلڈر تک گیند کاپہنچنا مشکل ہورہا تھا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں وکٹ کے سیدھا ہو نے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ایسی پچ کا کیا فائدہ جہاں وکٹ کیپر اور سلپ کے فیلڈر ز اتنے قریب آکر کھڑے ہو جائیں لیکن گیند بیٹ سے لگنے کے بعد ان تک نہ پہنچے،یہ صورتحال کسی کے حق میں بھی نہیں۔دوسری جانب انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کل ایسی کسی صورتحال میں وکٹ یا پچ کے جانچنے ے کا نیا نظام لاگو کررہی ہے جس کے تحت غیر معیاری اور کھیل کےلئے نامناسب ہونے کی صورت میں پچ اور وکٹ کو ڈی میرٹ پوائنٹس دیئے جائیں گے اور 5پوائنٹ ملنے کی صورت میں اس وکٹ اور گراﺅنڈ پر12ماہ کیلئے کسی انٹرنیشنل میچ کے انعقاد پر پابندی لگا دی جائے گی۔