حیدرآباد - - - - - تلنگانہ کے ضلع ورنگل کے کاکتیہ میڈیکل کالج کے احاطہ میں عصری منٹل اسپتال قائم کیاجائے گا تاکہ شمالی تلنگانہ کے اضلاع کے مریضوں کی طبی ضروریات کی تکمیل کی جاسکے۔مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی ٹیم اس سلسلہ میں 10جنوری کو اس مقام کادورہ کرے گی۔کاکتیہ میڈیکل کالج کے ذرائع کے مطابق منٹل اسپتال میں 100بستروں کی گنجائش ہوگی اور اسپتال 30کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔60فیصد اخراجات مرکزی حکومت برداشت کریگی جبکہ 40فیصد اخراجات تلنگانہ حکومت برداشت کرے گی۔کاکتیہ میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر وی چندرشیکھر نے کہا کہ کاکتیہ میڈیکل کالج کیمپس میں قائم کئے جانے والے اس اسپتال کی جگہ کی نشاندہی کا کام پہلے ہی مکمل کرلیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس اسپتال کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف منٹل ہیلتھ اینڈ نیورو سائنس کے خطو ط پر ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔