Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف ہمارے لیڈر تھے ، ہیں اور رہینگے، شاہد خاقان

سیالکوٹ ...... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف ہمارے لیڈر تھے ، ہیں اور رہینگے۔ سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے، کسی کو گالیاں نہیں دیں۔ ہر روز پارٹی اور لیڈر بدلنے والے پاکستان کی خدمت نہیں کرتے۔ ہمارے لیڈر کل بھی نوازشریف تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی وہی ہمارے لیڈر ہونگے۔ ہم میں سے کوئی وزارت عظمیٰ کا امیدوار نہیں۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ نواز شریف جس پر بھی ہاتھ رکھتے وہی وزیر اعظم ہوتا ہے یہی جمہوریت کی کامیابی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ 2018 ءکے انتخابات میں پاکستان کے عوام مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے حق میں فیصلہ کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کے مسائل حل کئے ہیں، ہم نے ان مشکلات کو حل کیا ہے جو پاکستان کی تاریخ میں کسی نے نہیں کیا۔ 4 سال پہلے جمعے کی نماز پڑھنے جاتے وقت بھی یہ خوف رہتا تھا کہ کہیں خودکش حملہ نہ ہوجائے لیکن آج ہم امن سے رہتے ہیں۔ کراچی جو دنیا کے 5 پرتشدد شہروں میں شمار ہوتا تھا لیکن اب وہاں امن ہے۔پاور پلانٹس، سی این جی اسٹیشنز اور گھروں میں گیس نہیں تھی لیکن آج صورت حال مختلف ہے۔ اس سے قبل سیالکوٹ ایئرپورٹ کے بین الاقوامی ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے ایئرپورٹ کےلئے فنڈز دیئے۔یہ پہلا گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہے جو کامیاب ہوا۔ این ایچ اے علاقے کی ترقی کے لیے منصوبوں پر کام کررہی ہے جب کہ نندی پور کا منصوبہ 2006 میں شروع ہوا جسے ہم نے مکمل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 سال میں ملک میں انتشار پھیلانے اور ہمارا راستہ روکنے کی بھرپور کوششیں کی جاتی رہیں تاہم ہماری ہی حکومت نے ملک سے توانائی بحران کو ختم کیا اور گیس بحران پر قابو پایا۔
 

شیئر: