ایئر فون سے موسیقی سننا قوت سماعت سے محروم ہونا ہے، ماہرین
لندن.... موبائل فون سے کنیکٹ کرکے کانوں میں ایئرفون لگا کر موسیقی یا دوسری چیزیں سنتے رہنے کا شوق اب بیماری بنتا جارہا ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ ابتدائی مرحلے میں یہ تفریح کی ایک شکل تھی مگر دن بدن جو تجربات سامنے آرہے ہیں ان سے اندازہ ہوتا ہے کہ اب ایسے ایئر فون کے طفیل لوگوںکو تفریح کم اور تکلیف زیادہ مل رہی ہے۔ تجربے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مسلسل ایئرفون لگانے والے افراد ایک تو دنیا و مافیہا سے بے خبر ہوجاتے ہیں اور قوت سماعت میں مدد گار ثابت ہونے والی شریانیں ساکت ہوجاتی ہیں نتیجہ یہ ہے کہ انسان نہ تو کچھ سن سکتا ہے اور نہ ہی آس پاس کے ماحول سے باخبر رہتا ہے۔ ایئرفون لگائے رہنے کی عادت میں مبتلا خواتین بطور خاص متاثر ہوتی ہیں۔ یہاں رہنے والی ایک 28سالہ خاتون نے جو 3بچو ں کی ماں ہے صحافیوں سے بات چیت میں بتایا کہ اسکے تین بچے اس کے قریب آکر پیار جتا رہے تھے مگر اسے اتنا ہوش ہی نہیں تھا کہ وہ ان کے پیار کے جذبے کو سمجھتی اور گلے سے لگا کر جوابی پیار کرتی۔ کچھ دیر بعد بچے رونے لگے تو اسے اپنی مجرمانہ حرکت کا احساس ہوا اور اب اس نے ایئرفون کو کم سے کم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔